کرک میں پولیس اور دہشت گردوں کا مقابلہ، ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک

کرک میں پولیس اور دہشت گردوں کا مقابلہ، ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید، 2 دہشت گرد ہلاک

کرک( تر کیہ خبر) خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے چرپیرا میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی۔ دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کی اطلاعات پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا۔آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو)، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے اہلکار بھی کارروائی میں شریک تھے۔پولیس حکام کے مطابق چرپیرا میں مبینہ دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ تاہم مقابلے میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، سب انسپکٹر افضل اعوان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد شہید ہوگئے۔شہید ہونے والے سب انسپکٹر افضل اعوان تھانہ لتمبر کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) تعینات تھے۔حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تاحال جاری ہے۔ ایس پی آپریشنز، ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران کارروائی میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.