فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلئے ٹک ٹاک کا تاریخی معاہدہ

2 ماہ قبل
فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلئے ٹک ٹاک کا تاریخی معاہدہ

زیورخ( سپورٹس ڈیسک) فیفا اور ٹک ٹاک کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ڈیجیٹل کوریج کو وسعت دینے کیلئے ایک منفرد نوعیت کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت شائقین کو فٹبال کے سب سے بڑے ایونٹ سے جُڑے خصوصی اور جدید تجربات فراہم کیے جائیں گے۔اس شراکت داری کا مقصد ورلڈ کپ 2026 کو دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کیلئے زیادہ قابلِ رسائی بنانا ہے۔ معاہدے کے تحت ٹک ٹاک کو فیفا کا پہلا ترجیحی ڈیجیٹل پلیٹ فارم قرار دیا گیا ہے، جہاں میچز کے پس منظر کی جھلکیاں، خصوصی ویڈیوز اور منفرد مواد پیش کیا جائے گا۔ٹک ٹاک پر فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلئے ایک خصوصی ہب قائم کیا جائے گا، جہاں شائقین کو میچ ٹکٹس، نشریاتی معلومات اور گیمنگ فیچرز تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔ اس کے ساتھ براڈکاسٹرز اور سرکاری میڈیا پارٹنرز کو لائیو اسٹریمنگ، میچ کلپس شیئر کرنے اور ڈیجیٹل اشتہارات کے ذریعے آمدن کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔فیفا اور ٹک ٹاک نے انٹلیکچوئل پراپرٹی کے تحفظ کیلئے پائریسی کے خلاف سخت پالیسیوں پر عملدرآمد کا بھی اعلان کیا ہے، جبکہ پہلی بار ایک جامع کریئیٹر پروگرام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت منتخب ٹک ٹاک کریئیٹرز کو پریس کانفرنسز اور تربیتی سیشنز تک براہ راست رسائی دی جائے گی۔فیفا کے سیکرٹری جنرل ماتیاس گرافسٹروم کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2026 کی خوشیاں دنیا کے ہر کونے تک پہنچانا ہمارا مقصد ہے اور اس کیلئے ٹک ٹاک ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ دوسری جانب ٹک ٹاک انتظامیہ کے مطابق فٹبال سے متعلق مواد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوان نسل کو اس کھیل سے جوڑنے کیلئے یہ تعاون نہایت اہم ہے۔یہ معاہدہ فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2023 کی کامیاب ڈیجیٹل کوریج کے بعد کیا گیا ہے، جسے ٹک ٹاک پر اربوں بار دیکھا گیا، اب 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ 2026 کو ڈیجیٹل دنیا میں نئی پہچان دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔