صحافیوں کو دھمکیاں ناقابل قبول، تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، مریم نواز

صحافیوں کو دھمکیاں ناقابل قبول، تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، مریم نواز

لاہور (تر کیہ خبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز بلند کرنے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے، صحافیوں کو بلاخوف اپنے فرائض انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان اور سچائی کے علمبردار ہیں۔ حق اور سچ کی راہ پر چلنے والے صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کا تحفظ، آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضروریات ہیں۔ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے صحافیوں کے پیشہ ورانہ وقار اور حقوق کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو دھمکیاں دینے، تشدد کا نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کے واقعات ناقابل قبول ہیں۔ ان کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ ظلم، ناانصافی اور جھوٹ بے نقاب کرنے والے صحافی ہیرو ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ وہ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن ہیں اور بے گھر صحافیوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ سچائی کی آواز دبانے کی ہر کوشش معاشرے کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں صحافی اور صحافت محفوظ ہیں اور حکومت صوبے میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے اصولوں کی حمایت کرتی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.