جنوبی یمن کا مستقبل، ریاض میں بڑا فیصلہ کن مکالمہ

3 ماہ قبل
جنوبی یمن کا مستقبل، ریاض میں بڑا فیصلہ کن مکالمہ

یمن( مانیٹرنگ ڈیسک)یمن کی جنوبی عبوری کونسل کے نائب صدر ابو زرعہ المحرمی نے سعودی عرب کی جانب سے جنوبی یمن کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کی دعوت کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبوری کونسل سعودی قیادت میں ہونے والے ہر مکالمے کو جنوبی یمن کے لیے ایک اہم اور فیصلہ کن موقع سمجھتی ہے۔اپنے بیان میں المحرمی نے واضح کیا کہ جنوبی عبوری کونسل ماضی میں بھی سعودی عرب کے زیر اہتمام ہونے والے تمام مذاکرات اور مشاورتی عمل میں بھرپور شرکت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی اس عمل کا حصہ بننے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے اس کانفرنس کو جنوبی یمن کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا۔ابو زرعہ المحرمی کے مطابق ریاض میں متوقع یہ کانفرنس جنوبی یمن کے عوام کے جائز مطالبات کے حصول کے لیے ایک سنجیدہ، شفاف اور بامقصد مکالمے کی بنیاد فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پلیٹ فارم تمام متعلقہ فریقین کو ایک جگہ اکٹھا کر کے منصفانہ اور دیرپا سیاسی حل کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا یہ اقدام یمن میں سیاسی استحکام اور پرامن حل کے لیے اس کی مستقل وابستگی کا مظہر ہے، اور ریاض کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک مضبوط پیغام بھی ہے۔