افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تصدیق، 19ہلاک،11زخمی
اسلام آباد( تر کیہ خبر)افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور افغان طالبان کی مبینہ سرپرستی سے متعلق شواہد ایک مرتبہ پھر سامنے آگئے ہیں۔دی پالیسی ڈائجسٹ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی سابق افسر سارہ ایڈمز نے بھی افغانستان میں دہشت گردوں کے مراکز کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔سارہ ایڈمز کے مطابق پکتیکا اور کنڑ میں قائم تین اہم مراکز پر پاک فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج کے ۱۹ دہشت گرد ہلاک جبکہ ۱۱ سے زائد زخمی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ۲۱ ستمبر کو پاکستان نے مشرقی افغانستان میں دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے درست فضائی کارروائیاں کیں۔رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں خودکش حملہ آوروں کا تربیتی مرکز، دہشت گردوں کو سہولت فراہم کرنے والا ٹھکانہ اور فتنۃ الخوارج و داعش کا مشترکہ مرکز بھی تباہ کر دیا گیا۔بین الاقوامی تحقیقات میں افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے مراکز کی موجودگی اور ان کے خلاف کارروائیوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کو پاکستان کے مؤقف کی تائید قرار دیا گیا ہے۔