آبنائے استنبول میں مال بردار جہاز کا انجن خراب، بحری آمدورفت معطل
استنبول( تر کیہ خبر) ترکیہ کی ساحلی سلامتی کے ادارے کے مطابق اتوار کو آبنائے استنبول میں بحری جہازوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی، جب مالٹا کے پرچم تلے سفر کرنے والے ایک کیمیائی ٹینکر کا انجن خراب ہو گیا۔ادارے کے جاری کردہ بیان کے مطابق ۱۱۰ میٹر طویل جہاز ایویان بلغاریہ سے اٹلی جا رہا تھا اور اس پر ۶ ہزار ٹن نباتاتی تیل لدا ہوا تھا۔ آبنائے سے گزرتے ہوئے انجن میں خرابی پیدا ہونے کے باعث جہاز کو کنالجا کے ساحلی علاقے کے قریب لنگر انداز کر دیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ساحلی محافظوں اور ساحلی سلامتی کے ادارے نے امدادی کارروائی کے لیے کرتارما ۷ اور کرتارما ۱۱ نامی امدادی کشتیوں کے علاوہ تاحلیسیہ ۹ ریسکیو بوٹ کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔حکام کی جانب سے جہاز کی صورت حال سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔