پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کا حوثی حملوں پر سخت احتجاج، شہریوں کی ہلاکتوں کی مذمت
استنبول( تر کیہ خبر) پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب نے اتوار کو سعودی مملکت کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی، جن میں ہفتے کے روز ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کا واقعہ بھی شامل ہے۔چاروں ممالک کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کو سخت الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے، جبکہ شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔ اعلامیے کے مطابق یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔مشترکہ بیان میں ان حملوں کو خطرناک اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔چاروں ممالک نے واضح کیا کہ ایسے حملوں کو کسی بھی بہانے سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا اور نہ ہی انہیں قبول کیا جا سکتا ہے۔