پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کی حوثی حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد(تر کیہ خبر) پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ نے سعودی مملکت پر حوثی ملیشیا کے حملوں اور ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چاروں ممالک پر مشتمل گروپ کے مشترکہ اعلامیے میں حوثی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ان کارروائیوں سے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت متاثر ہوتی ہے، جبکہ یہ حملے خطے کے امن، استحکام اور شہریوں کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔چاروں ممالک نے واضح کیا کہ اس نوعیت کی خطرناک اشتعال انگیزی کو کسی بھی جواز کے تحت درست تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔مشترکہ اعلامیے میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مملکت کے دفاع کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت کیے جانے والے تمام جائز اقدامات کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے دفاعی اقدامات اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون سے مطابقت رکھتے ہیں۔ گروپ نے حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام حملے فوری طور پر اور غیر مشروط طور پر بند کرے۔