ترکیہ خبر

دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو متاثر نہیں کر سکتے:وزیراعلیٰ بلوچستان

دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو متاثر نہیں کر سکتے:وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ( ترکیہ خبر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کے مطابق دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو متاثر نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ریاست مخالف عناصر، ان کے سہولت کاروں اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک حکومت اور سکیورٹی ادارے اپنے عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ ان کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو پوری قوم کا فخر قرار دیا۔