کراچی میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار
کراچی ( تر کیہ خبر) کراچی میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کی سازش ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا، جن کے قبضے سے تیار شدہ دیسی ساختہ بم اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔محکمہ انسداد دہشتگردی کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے تعاون سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم سندھودیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) کے 2 اہم مبینہ ارکان کو حراست میں لیا۔محکمہ انسداد دہشتگردی کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزمان نے بتایا کہ انہیں کالعدم تنظیم کی جانب سے عسکری تربیت دی گئی تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور رینجرز کی اہم عمارتوں اور دفاتر کی نگرانی اور معلومات جمع کرنے کے بعد حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔