عالمی فہرست میں عسکری و سیاسی قیادت کی شمولیت پر خیبرپختونخوا کے شہریوں کا اظہار فخر
پشاور ( تر کیہ خبر) خیبرپختونخوا کے شہریوں نے ملکی عسکری اور سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی قیادت کے ساتھ ہر محاذ پر شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات کی فہرست میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی نمایاں جگہ حاصل کرنے پر صوبے کے عوام نے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بااثر شخصیات میں پاکستانی قیادت کی شمولیت پوری قوم کے لیے اعزاز ہے، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ اور وقار بلند ہوا ہے۔عوامی حلقوں کے مطابق اس عالمی پذیرائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی قیادت مضبوط ہاتھوں میں ہے، جس کے نتیجے میں سفارتی تعلقات کو فروغ دینے اور معاشی حالات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔شہریوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔عوام نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ عالمی برادری میں پاکستان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔ انہوں نے پاک فوج اور ملکی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ملک مخالف عناصر کے لیے واضح پیغام ہے۔شہریوں نے توقع ظاہر کی کہ سیاسی اور عسکری قیادت باہمی تعاون اور یکجہتی کے ساتھ قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔