شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی 43ویں سالگرہ، اردوان کا خودمختاری کی حمایت کا اعادہ
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے قیام کی 43ویں سالگرہ مناتے ہوئے ترک قبرصی عوام کی خودمختاری، آزادی اور حقوق کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے سالگرہ کے موقع پر شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت اور سابق فوجیوں کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ترک قبرصی بھائیوں اور بہنوں کو نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں، جن کے ساتھ ہر شعبے میں یکجہتی اور تعاون مزید مضبوط بنایا جاتا رہے گا۔اردوان نے قبرص کے مسئلے کو ترکیہ کا قومی معاملہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ انقرہ کسی بھی صورتحال میں اس جزیرے سے دستبردار نہیں ہوگا۔دوسری جانب ترک وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کے ترک پلیٹ فارم این سوشل پر جاری بیان میں شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو ترک قبرصی عوام کی خودمختاری اور بقا کی جدوجہد کی علامت قرار دیا۔وزارت خارجہ کے مطابق شمالی قبرصی ترک جمہوریہ اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ترک قوم کا ناقابلِ جدا حصہ ہونے والے ترک قبرصی عوام نے کبھی اپنی خودمختاری اور آزادی سے دستبرداری اختیار نہیں کی اور نہ ہی آئندہ ایسا کریں گے۔