ترکیہ ترک قبرصی عوام کی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا، جودت یلماز
استنبول (ترکیہ خبر) ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے قیام کی 43ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک قبرصی عوام کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔دارالحکومت لفکوشا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ ہر حال میں ترک قبرصی عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا، کیونکہ قبرص کا مسئلہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ایک قومی معاملہ ہے۔جودت یلماز نے کہا کہ ترکیہ ایک مادر وطن اور ضامن ملک کی حیثیت سے آج بھی ترک قبرصی عوام کے ساتھ اسی طرح کھڑا ہے جس طرح 20 جولائی 1974 اور 15 نومبر 1983 کو ان کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے 1974 کے امن آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کا مقصد ترک قبرصی عوام کو ظلم و تشدد سے تحفظ فراہم کرنا تھا، جبکہ 15 نومبر 1983 کو شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کا قیام عمل میں آیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ ترکیہ مستقبل میں بھی ہر صورتحال میں ترک قبرصی عوام کا ساتھ دیتا رہے گا۔ترک نائب صدر نے عالمی برادری سے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جزیرے پر 2 الگ قوموں اور 2 ریاستوں کی موجودگی کو حقیقت کے طور پر تسلیم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے تمام ممالک، بالخصوص دوست اور برادر ریاستوں پر زور دیا کہ وہ شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو تسلیم کرکے اس کے ساتھ سیاسی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات قائم کریں۔