ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فوری اور فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں، مراد کوروم

ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے فوری اور فیصلہ کن اقدامات ناگزیر ہیں، مراد کوروم

انطالیہ (ترکیہ خبر) ترکیہ کے وزیر ماحولیات، شہری ترقی اور موسمیاتی تبدیلی مراد کوروم نے موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل اور معاشرے عالمی قیادت سے عملی اقدامات کی توقع رکھتے ہیں۔اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (سی او پی 31) کے صدر مراد کوروم نے انطالیہ میں کانفرنس کے مقام پر امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اب موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔ نوجوان اور معاشرے ہم سے اقدامات کی امید رکھتے ہیں، اس لیے ذمہ دار عہدوں پر فائز افراد کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سی او پی 31 کی صدارت کے دوران موسمیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم اور سنجیدگی کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔مراد کوروم نے زور دیا کہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے سنگین اثرات سے نمٹنے کے اہداف مقرر کرنے اور ان کے حصول کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرنے میں مزید تاخیر نہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری ہیں۔ اگر دنیا ان مقاصد میں کامیاب ہوگئی تو کرہ ارض پہلے سے کہیں زیادہ بہتر اور محفوظ مقام بن جائے گا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جو ممالک آج سے عملی اقدامات کر رہے ہیں، وہ پہلے ہی ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم ہر ملک کی صلاحیتیں اور ترجیحات مختلف ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.