ایران امریکا تنازع کا حل مذاکرات میں ہے، دھمکیوں اور حملوں میں نہیں، عراقچی
اسلام آباد (تر کیہ خبر) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ فوجی کارروائیوں اور دھمکیوں کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے ایران اور امریکا کے تنازع کے حل کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک کو باہمی رابطوں اور مشترکہ اقدامات کا سلسلہ آگے بڑھانا ہوگا۔ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کا سبب بنے ہیں۔ آبنائے ہرمز کو ایران سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔انہوں نے زور دیا کہ علاقائی ممالک اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، جبکہ خطے کے امن و سلامتی کے لیے عدم جارحیت کے اصولوں پر مبنی نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت روکنا ناگزیر ہے۔ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معمول پر لانے کے لیے پائیدار علاقائی تعاون بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اسرائیل سے انسانی امداد کی ترسیل پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی ابتر صورتحال عالمی برادری کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خاموش رہنے کے بجائے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم کا اٹھارہواں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔