طورخم سرحد پر کشیدگی، پاکستان کا دوٹوک پیغام

1 ماہ قبل
طورخم سرحد پر کشیدگی، پاکستان کا دوٹوک پیغام

پشاور(ترکیہ خبر)خیبر کے سرحدی علاقوں طورخم اور تیراہ میں پاک افغان سرحد پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد کشیدگی بڑھ گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے جاری رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپیں سرحد کے تین مختلف پوائنٹس پر ہوئیں اور فائرنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ حکام کے مطابق تمام جوان محفوظ رہے جبکہ جوابی کارروائی میں سرحد پار ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مزید اشتعال انگیزی کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔دوسری جانب سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔