طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے:ملالہ

1 ماہ قبل
طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے:ملالہ

 اسلام آباد( ترکیہ خبر)نوبیل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ طالبان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ رکھیں بلکہ انسانی حقوق کے احترام کے لیے دباؤ بڑھائیں۔آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیڈی مارگریٹ ہال میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے بعد ملالہ یوسفزئی کی تصویر بھی آویزاں کر دی گئی، جس کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ملالہ نے کہا کہ طالبان لڑکیوں اور خواتین کو بنیادی حقوق سے محروم کر رہے ہیں اور افغانستان میں تعلیم پر پابندی ایک سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے۔ افغان لڑکیاں اب بھی خفیہ اور آن لائن تعلیم کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہیں اور وہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ملالہ نے بے نظیر بھٹو کو دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک مثال قرار دیا۔ پورٹریٹ کے اسپانسر حامد اسماعیل کے مطابق آکسفورڈ جیسی پروقار یونیورسٹی میں ملالہ کی تصویر آویزاں ہونا نہ صرف ملالہ بلکہ پاکستان کے لیے بھی فخر کی بات ہے، اور ملالہ کے والدین نے اس اعزاز پر شکر اور خوشی کا اظہار کیا۔