امریکی مہم کے بعد تاجکستان عالمی عدالت سے الگ
دوشنبے( مانیٹرنگ ڈیسک) تاجکستان نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے باضابطہ طور پر علیحدگی کا عمل شروع کر دیا ہے، جس کے بعد امریکا کی جانب سے عدالت کے خلاف شروع کی گئی سفارتی مہم کے تناظر میں یہ قدم اٹھانے والا تاجکستان چوتھا ملک بن گیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے انتظامی ادارے کی صدارت نے پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ تاجکستان سے قبل چاڈ، وینزویلا اور بحرالکاہل کی چھوٹی جزیرہ ریاست نورو بھی عالمی فوجداری عدالت سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے رواں سال جولائی میں مختلف ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ آئی سی سی کی رکنیت ترک کر دیں، جسے امریکی حکام نے عدالت کو غیر مؤثر بنانے کی سفارتی مہم قرار دیا تھا۔سفارتی ذرائع کے مطابق تاجکستان کا یہ فیصلہ ایسے پس منظر میں سامنے آیا ہے جب رواں سال مارچ میں عالمی فوجداری عدالت نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو گرفتار نہ کرنے پر تاجکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ روسی صدر پیوٹن 2025 میں تاجکستان کے دورے پر گئے تھے، جبکہ آئی سی سی نے یوکرین میں مبینہ جنگی جرائم کے الزامات کے تحت ان کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال برکینا فاسو، مالی اور نائجر نے بھی عدالت کو نوآبادیاتی طرز کے جبر کا آلہ قرار دیتے ہوئے اس سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔عالمی فوجداری عدالت دنیا کا ایک مستقل جنگی جرائم کا ٹریبونل ہے جو نسل کشی، انسانیت کے خلاف جرائم، جنگی جرائم اور جارحیت میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتی ہے، بالخصوص ان معاملات میں جہاں متعلقہ ملک کی عدالتیں کارروائی کرنے سے قاصر ہوں یا آمادہ نہ ہوں۔عدالت کے انتظامی ادارے نے اپنے ردعمل میں خبردار کیا ہے کہ رکن ممالک کی جانب سے علیحدگی کا عمل شروع کرنے سے عالمی سطح پر انصاف کے مشترکہ نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لانے کی کوششیں کمزور ہو سکتی ہیں۔ بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ عدالت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی ملک کو ان قانونی ذمہ داریوں سے بری الذمہ قرار نہیں دیتا جو اس نے رکنیت کے دوران قبول کی تھیں۔ آئی سی سی کے کل رکن ممالک کی تعداد 125 ہے جن میں علیحدگی کا عمل شروع کرنے والے یہ سات ممالک بھی شامل ہیں، جبکہ علیحدگی کا یہ قانونی عمل مکمل ہونے میں ایک برس کا عرصہ لگتا ہے۔