خلا میں ذیشان علی نہیں، پاکستان جارہا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد (ترکیہ خبر)پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں کل ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے جب ملک کے پہلے خلاء باز ذیشان علی چین کے انسانی خلائی مشن "شین ژو 24" کے ہمراہ 25 نومبر کو خلا کے تاریخی سفر پر روانہ ہوں گے۔ اس تاریخی مشن کے لیے چینی خلائی اسٹیشن سے روانگی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔روانگی سے قبل میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستانی خلاء باز ذیشان علی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی مشن نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے پاکستان کے لیے ایک عظیم اعزاز ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے حوصلہ افزا پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم نے ان سے کہا کہ اس مشن میں ذیشان علی نہیں بلکہ پورا پاکستان جا رہا ہے اور پوری قوم کی نمائندگی اور فخر ان کے کندھوں پر ہے۔ذیشان علی نے مزید کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ یہ مشن آخری نہیں ہوگا بلکہ مستقبل میں پاکستان اور چین کے درمیان ایسے مزید مشترکہ خلائی مشن بھی انجام دیے جائیں گے۔ انہوں نے پاک چین تعلقات کو سمندروں سے گہرا اور ہمالیہ سے بلند قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی دوستی کو مستقبل میں مزید مستحکم ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے انہیں بہترین تربیت فراہم کی، جس کے دوران چینی عملے کے ساتھ گہری دوستی اور بہترین پیشہ ورانہ تعلقات استوار ہوئے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے اہلِ خانہ، چاہنے والوں اور تمام معاونین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشن میں شامل چینی خلاء باز نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں بین الاقوامی شراکت داری پر مبنی ایسے خلائی مشن پر روانہ ہونے کا موقع ملے گا، اور مستقبل میں بھی دیگر ممالک کے خلاء بازوں کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ مشن کے دیگر کریو ممبرز نے پاکستانی ساتھی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذیشان علی نے مشن کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور گزشتہ تربیتی عرصے کے دوران ٹیم اراکین کے درمیان بہترین ہم آہنگی پیدا ہوئی ہے۔پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کے مطابق یہ تاریخی مشن سپارکو اور چین کی خلائی ایجنسی کے باہمی اشتراک سے سرانجام دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے پاکستان خلائی سفر میں ایک نئی منزل حاصل کرنے کے قریب ہے۔ سپارکو حکام نے بتایا کہ ذیشان علی اس مشن میں بطور سائنسی ماہر حصہ لے رہے ہیں اور وہ چینی خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام اور سائنسی تجربات مکمل کرنے کے بعد زمین پر واپس لوٹیں گے۔