پاکستان اور پرتگال کا سفارتی پاسپورٹ پر ویزا ختم

پاکستان اور پرتگال کا سفارتی پاسپورٹ پر ویزا ختم

اسلام آباد (ترکیہ خبر) پاکستان اور پرتگال نے سفارتی پاسپورٹ پر ویزا کی شرط ختم کرنے، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کی مفاہمتی یادداشت پر باضابطہ دستخط کر دیے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں پرتگالی ہم منصب پاؤلو رینجل کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، توانائی اور کھیلوں کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کو وسعت دیں گے، جبکہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرتگال کو ایک اہم دوطرفہ شراکت دار تصور کرتا ہے تاہم دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم حقیقی استعداد سے کم ہے، جسے بڑھانے اور تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔نائب وزیراعظم نے پرتگالی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے یقین دلایا کہ انہیں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا مکمل تعاون حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ زراعت بالخصوص زیتون کی کاشت و پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بندرگاہوں اور افرادی قوت کی نقل و حرکت کے شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاری کے تحفظ، زرعی تعاون اور دوہرے ٹیکس سے بچاؤ کے معاہدوں پر بھی پیش رفت ہوگی۔ پاکستان نے پرتگال کو مجوزہ لیبر موبیلٹی پارٹنرشپ پر غور کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔علاقائی و عالمی امور پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور غزہ میں انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے جبکہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور پاکستان کی آبی، غذائی و توانائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔اس موقع پر پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 19 برس بعد پرتگال کی جانب سے وزارتی سطح پر پاکستان کا دورہ ہو رہا ہے اور دونوں ممالک کے 77 سالہ سفارتی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے عالمی سیاست، علاقائی امن، غزہ کے معاملے اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے مؤقف و سفارتی کردار کو قابل ستائش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پرتگال مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کا خواہشمند ہے اور پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.