قراباغ میں آذربائیجانی پرچم لہرانا ترکیہ کا فخر، اردوان
انقرہ (ترکیہ خبر) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ قراباغ کے علاقوں شوشہ، فضولی اور لاچین میں آذربائیجان کا پرچم لہرانا ترکیہ کے لیے بھی باعثِ فخر ہے، اور جس طرح ترکیہ قراباغ کی فتح کی خوشی میں شریک رہا، اسی طرح خطہ قفقاز میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے بھی پرعزم انداز میں کام جاری رکھے گا۔ترکیہ کے شہر اغدر میں منعقدہ بین الاقوامی قفقاز کانگریس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ زنگزور راہداری کے کھلنے سے مرکزی آذربائیجان اور نخچیوان خود مختار جمہوریہ کے درمیان نقل و حمل کے روابط مزید مضبوط ہوں گے، جبکہ اس منصوبے سے ترکیہ اور پوری ترک دنیا کے درمیان بھی ایک نیا اور اہم زمینی رابطہ قائم ہوگا۔صدر اردوان نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخ کے ہر موڑ پر ترکیہ نے خطہ قفقاز کے دکھ اور سکھ دونوں میں برابر کی شرکت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی مشترکہ تاریخ سے قوت حاصل کرتے ہوئے ہم آنے والی نسلوں کو ایک ایسا خطہ منتقل کرنا چاہتے ہیں جہاں مکمل امن اور استحکام کی فضا قائم ہو۔ترک صدر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ساتھ "ایک قوم، دو ریاستیں" کے تصور کے تحت طے پانے والے شوشہ اعلامیے کی بدولت دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اب باقاعدہ اتحاد کی سطح تک بلند ہو چکے ہیں۔