آذربائیجان اور مونٹی نیگرو کے وزرائے اعظم کی اہم ملاقات
باکو (ترکیہ خبر)آذربائیجان کے وزیراعظم علی اسدوف نے باکو کے دورے پر آئے ہوئے مونٹی نیگرو کے وزیراعظم میلوئیکو اسپائیچ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے آذربائیجان اور مونٹی نیگرو کے تعلقات میں حالیہ مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے گزشتہ عرصے کے دوران باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے دائرہ کار میں ہونے والی توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا۔فریقین نے اقتصادی اور تجارتی تعاون کی موجودہ استعداد سے مزید مؤثر انداز میں استفادہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور باہمی سرمایہ کاری کے شعبے میں حاصل ہونے والے مثبت نتائج کو اجاگر کیا۔اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم نے انسانی ہمدردی اور سماجی شعبوں میں تعاون کی افادیت پر زور دیتے ہوئے سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے میدانوں میں وفود کے تبادلوں اور اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں آذربائیجان اور مونٹی نیگرو کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی غور کیا گیا۔