ترکیہ کا پہلا تیرتا شمسی بجلی گھر جلد فعال

ترکیہ کا پہلا تیرتا شمسی بجلی گھر جلد فعال

مانیسا (ترکیہ خبر) ترکیہ کے قابلِ تجدید توانائی وسائل کے پروگرام (ییکا) کے تحت تعمیر کیا جانے والا ملک کا پہلا تیرتا ہوا شمسی بجلی گھر آئندہ سال کے اوائل میں بجلی کی پیداوار کا باضابطہ آغاز کر دے گا۔سرمایہ کار کمپنی کے حکام نے انادولو ایجنسی کو بتایا کہ یہ منفرد منصوبہ ایجیئن صوبے مانیسا کے ضلع صالحلی میں واقع دیمیر کوپرو ڈیم کی سطح پر تقریباً 500 ڈیکئیر رقبے پر زیرِ تعمیر ہے۔ مجموعی طور پر 4 کروڑ 10 لاکھ یورو (تقریباً 4 کروڑ 48 لاکھ تا 4 کروڑ 59 لاکھ ڈالر) کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس پلانٹ میں 550 واٹ صلاحیت کے حامل 91 ہزار 368 سولر پینلز نصب کیے جا رہے ہیں۔اس شمسی بجلی گھر کی مجموعی نصب شدہ صلاحیت 50.25 میگاواٹ پیک جبکہ نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت 35 میگاواٹ ہوگی، جس سے سالانہ تقریباً 7 کروڑ 76 لاکھ کلوواٹ آور بجلی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ 23 جولائی کو ابتدائی لائسنس کے اجرا کے بعد تین ماہ قبل اس منصوبے پر عملی کام شروع ہوا اور اکتوبر میں پہلے سولر پینلز پانی کی سطح پر اتارے گئے۔ کارکنان ساحل پر متعدد پینلز پر مشتمل پلیٹ فارمز تیار کرنے کے بعد انہیں کشتیوں کے ذریعے ڈیم کے اندرونی حصوں تک لے جا کر نصب کر رہے ہیں۔انجینئروں نے 8 ہزار ٹن وزنی اس تیرتے ہوئے نظام کو لچکدار رسیوں اور اضافی کیبلز کے ساتھ اس انداز میں ڈیزائن کیا ہے کہ یہ پانی کی بدلتی ہوئی سطح، تیز ہواؤں اور لہروں کے دباؤ کو آسانی سے برداشت کر سکے۔ نمی اور دھوپ سے محفوظ ان جدید پینلز کے ساتھ ہوا اور پانی کی صورتحال کی ریموٹ مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ آبی حیات بالخصوص مچھلیوں کی افزائش پر نظر رکھنے کے لیے پانی کے باقاعدہ نمونے بھی لیے جائیں گے۔ وزارتِ ماحولیات، شہری ترقی و موسمیاتی تبدیلی نے اس منصوبے کی ماحولیاتی اثرات کی جائزہ رپورٹ کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔سرمایہ کار کمپنی کے چیئرمین محمد بلکایا نے بتایا کہ ترکیہ کا پہلا منصوبہ ہونے کے باعث اس کی انجینئرنگ اور تعمیراتی مراحل میں انتہائی باریک بینی سے کام لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کو مرحلہ وار فعال کیا جائے گا اور جنوری کے آخر سے فروری 2027 کے وسط تک پہلے مرحلے میں 9 میگاواٹ بجلی کی پیداوار شروع کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ مئی کے اختتام تک پورا منصوبہ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا جس سے تقریباً 20 ہزار گھروں کو بجلی فراہم کی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیرتے ہوئے شمسی پلانٹس جنگلات یا زرعی زمین کو استعمال کیے بغیر صاف توانائی فراہم کرتے ہیں، پانی کے بخارات بن کر اڑنے کے عمل کو روکتے ہیں اور زیرِ آب نباتات و مچھلیوں کی افزائش میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.