ترکیہ اور روس کی نئے تجارتی و توانائی معاہدوں پر نظر

ترکیہ اور روس کی نئے تجارتی و توانائی معاہدوں پر نظر

استنبول (ترکیہ خبر)ترکیہ اور روس جمعہ کے روز استنبول میں ہونے والے ترکیہ-روس مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 20 ویں اجلاس میں تجارت، توانائی، تعمیرات اور سیاحت کے شعبوں میں نئی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔کمیشن کے اس اہم اجلاس کے موقع پر ایک مشترکہ بزنس فورم بھی منعقد کیا جائے گا جس میں ترک اور روسی کمپنیاں باہمی تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور توانائی، سیاحت، تجارت و زراعت کے شعبوں میں دوطرفہ منصوبوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کریں گی۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن کی صدارت ترکیہ کے وزیر تجارت عمر بولات اور روس کے نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک مشترکہ طور پر کریں گے۔اعداد و شمار کے مطابق یوکرین جنگ سمیت علاقائی پیش رفتوں کے باعث ترکیہ اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارت متاثر ہوئی تھی اور 2025 میں سالانہ بنیادوں پر 6.5 فیصد کمی کے ساتھ مجموعی تجارتی حجم 49.2 ارب ڈالر رہا، جو 2024 میں 52.6 ارب ڈالر تھا۔ 2025 میں روس کو ترکیہ کی برآمدات 6.7 ارب ڈالر سے زائد رہیں جن میں بوائلرز، مشینری اور مکینیکل آلات 1.2 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست رہے، جبکہ تازہ پھل اور خشک میوہ جات 82 کروڑ 32 لاکھ ڈالر اور پلاسٹک کی مصنوعات 49 کروڑ 7 لاکھ ڈالر رہیں۔ اسی سال ترکیہ میں روسی درآمدات کا حجم 42.4 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔جنوری تا ستمبر 2026 کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت 32.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس میں ترک برآمدات 4.6 ارب ڈالر اور روسی درآمدات 28 ارب ڈالر شامل ہیں، جبکہ دونوں ممالک نے سالانہ تجارتی حجم کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا طویل المدتی ہدف برقرار رکھا ہے۔دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں توانائی کا شعبہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ 2025 میں روس سے ترکیہ کی مجموعی درآمدات کا 70 فیصد حصہ معدنی ایندھن، تیل اور متعلقہ مصنوعات پر مشتمل تھا۔ روس ترکیہ کو توانائی فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے اور دونوں ممالک کا اسٹریٹجک تعاون اکویو نیوکلیئر پاور پلانٹ اور ترک اسٹریم قدرتی گیس پائپ لائن جیسے بڑے منصوبوں سے جڑا ہوا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی حال ہی میں کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ان روابط اور اکویو پلانٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا۔دوسری جانب روس ترکیہ کے تعمیراتی شعبے کے لیے سب سے بڑی غیر ملکی منڈی بن چکا ہے، جہاں ترک ٹھیکیداروں نے 1972 سے اب تک 103.3 ارب ڈالر مالیت کے مجموعی طور پر 2 ہزار 190 منصوبے مکمل کیے ہیں، جبکہ ترک سرمایہ کار روس میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، بینکنگ، سیاحت، خوراک، گھریلو آلات، شیشے اور تعمیراتی سامان کے شعبوں میں بھی سرگرم ہیں۔ اسی طرح سیاحت کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور روس ترکیہ آنے والے غیر ملکی سیاحوں کا سب سے بڑا ذریعہ برقرار ہے، جہاں روسی سیاحوں کی آمد 2021 میں 46 لاکھ سے بڑھ کر 2025 میں 69 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.