بنگلا دیشی اسپیکر پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد (ترکیہ خبر)بنگلا دیش کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ وہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔اسلام آباد آمد پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بنگلا دیشی ہم منصب اور ان کے وفد کے ارکان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک بنگلا دیش پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی کنوینر ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ اسلم سومرو اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔بنگلا دیشی وفد کے استقبال کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ بنگلا دیشی اسپیکر کا دورۂ پاکستان دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل ہے، کیونکہ بنگلا دیش کے کسی اسپیکر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک مشترکہ تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں میں منسلک ہیں اور پارلیمانی روابط کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں انتہائی معاون ثابت ہوگا۔ سردار ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے جمہوری اور قانون سازی کے تجربات سے بھرپور استفادہ کر سکیں گے، جبکہ اس اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ باہمی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔اس موقع پر بنگلا دیشی اسپیکر حافظ الدین احمد بیر بکرم نے شاندار اور پرتپاک استقبال پر سردار ایاز صادق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے انتہائی باعثِ مسرت اور اعزاز کی بات ہے، اور پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہی ماضی کی خوشگوار یادیں تازہ ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط دونوں برادر اقوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان قریبی تعاون سے باہمی تعلقات کو نئی تقویت ملے گی۔ بنگلا دیشی اسپیکر نے مستقبل میں بھی پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور اعلیٰ سطحی روابط کے سلسلے کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔