فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملائیشین وزیراعظم، وزیردفاع سے ملاقاتیں
اسلام آباد (ترکیہ خبر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے سرکاری دورے کے دوران ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم، وزیر دفاع خالد بن نوردین اور اعلیٰ عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پوتراجایا میں واقع وزیراعظم آفس "پردانا پترا" میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سلامتی تعاون اور علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر غور کرتے ہوئے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کے رشتے کو سراہا، اور دفاع و سلامتی کے شعبوں میں روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملائیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں ملائیشیا کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے مابین دفاعی اشتراک و ادارہ جاتی رابطوں کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشیا کی وزارتِ دفاع آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل حاجی مالیک رزاق سلیمان سمیت ملائیشین آرمی، رائل نیوی اور رائل ایئر فورس کے سربراہان بھی موجود تھے۔بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیرِ دفاع خالد بن نوردین سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں عسکری روابط کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، جہاں ایک خصوصی تقریب میں انہیں ادارے کے باوقار "ہال آف فیم" کے 21 ویں رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔