نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر کی ’ٹرمپ کیئر‘ منصوبے کی بڑی پیشکش

نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر کی ’ٹرمپ کیئر‘ منصوبے کی بڑی پیشکش

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی ریاست مشی گن سے نومنتخب ڈیموکریٹ سینیٹر عبدال السید نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک غیر معمولی سیاسی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ ملک کے ہر شہری کے لیے یونیورسل ہیلتھ کیئر قانون کی حمایت کریں تو وہ ’میڈی کیئر فار آل‘ منصوبے کا نام تبدیل کر کے ’ٹرمپ کیئر‘ رکھنے کے لیے تیار ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے پروگرام ’میٹ دی پریس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عبدال السید نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ انہیں اس بات کی قطعی پروا نہیں کہ اس قانون کو کیا نام دیا جاتا ہے، بلکہ ان کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ہر امریکی شہری کو پیدائش سے لے کر موت تک بغیر کسی مالی ادائیگی کے معیاری طبی سہولیات کی ضمانت حاصل ہو اور عوام کے کندھوں سے علاج معالجے کے بھاری اخراجات کا بوجھ ختم ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بل پر دستخط کرنے کے لیے آمادہ ہیں تو دونوں جماعتوں کو مل کر اسے منظور کرانا چاہیے۔واشنگٹن کے سیاسی حلقوں میں یہ پیشکش اس وقت مزید اہمیت اور توجہ کا مرکز بن گئی جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عبدال السید کی ’ٹرمپ کیئر‘ سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ کو اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ کے آفیشل اکاؤنٹ پر دوبارہ شیئر کیا، تاہم انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ فی الحال کسی قسم کا تبصرہ تحریر نہیں کیا۔واضح رہے کہ آئندہ کانگریس میں ریاست مشی گن کی نمائندگی کرنے والے عبدال السید نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ’میڈی کیئر فار آل‘ کو اپنی بنیادی ترجیحات میں سرفہرست رکھا تھا۔ وہ سینیٹر برنی سینڈرز کے یونیورسل ہیلتھ کیئر منصوبے کے بھی پرزور حامی ہیں، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ وہ ایک ایسی جامع عوامی ہیلتھ انشورنس چاہتے ہیں جو ہر امریکی کو بنیادی طبی کوریج کی مکمل ضمانت دے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ نجی انشورنس کے آپشن پر بھی بات چیت کی گنجائش موجود رکھی جائے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ڈیموکریٹک پارٹی جنوری 2027 میں کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بعض اہم عوامی و فلاحی معاملات پر دوطرفہ قانون سازی کے امکانات تلاش کر رہی ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.