اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس رہنما نعیم ابونہل شہید

اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس رہنما نعیم ابونہل شہید

غزہ ( مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ میں امریکی ثالثی میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی جارحیت اور فضائی حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، تازہ اسرائیلی ڈرون حملے میں حماس کے داخلی سلامتی کے ادارے کے سربراہ 50 سالہ نعیم ابو نہل شہید ہو گئے۔عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس کے داخلی سلامتی کے ڈائریکٹر جنرل نعیم ابو نہل اپنے دفتر کے قریب سڑک پر پیدل جا رہے تھے کہ انہیں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ حملے کی زد میں آ کر قریبی موجود متعدد شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے الشفا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔حماس کے ذرائع نے نعیم ابو نہل کی شہادت کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے، جبکہ دوسری جانب اسرائیلی فوج اور داخلی خفیہ ادارے شن بیت نے ایک مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے غزہ میں حماس کے ایک اہم رہنما کو نشانہ بنایا ہے، تاہم ابتدائی بیان میں ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ادھر غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز کی جانے والی دیگر اسرائیلی کارروائیوں میں بھی کم از کم چھ مزید فلسطینی شہید ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک پولیس چوکی کے نزدیک ہونے والے حملے میں تین فلسطینی جاں بحق ہوئے، جبکہ وسطی غزہ میں نتساریم راہداری کے قریب حملے میں مزید تین افراد مارے گئے۔ ایک اور کارروائی میں گدھا گاڑی پر سفر کرنے والے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچے سمیت کئی افراد متاثر ہوئے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق منگل کے روز غزہ بھر میں ہونے والے ان مختلف حملوں میں مجموعی طور پر کم از کم سات فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں جنگ بندی کے معاہدے کے نفاذ کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں اور فلسطینیوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.