تاجکستان میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے جدید تعمیراتی مواد کا نیا کارخانہ قائم

تاجکستان میں سڑکوں کی تعمیر کے لیے جدید تعمیراتی مواد کا نیا کارخانہ قائم

باکو( ویب ڈیسک) تاجکستان نے صوبہ سغد میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے منصوبوں کے لیے جدید تعمیراتی مواد تیار کرنے والا نیا کارخانہ فعال کر دیا ہے۔تاجک صدر کے دفتر کے مطابق صدر امام علی رحمان نے باباجان غفوروف ضلع کے دورے کے دوران اس منصوبے کا افتتاح کیا۔بیان کے مطابق سغدروخسوز کمپنی کا یہ جدید پلانٹ فی گھنٹہ 120 ٹن اسفالٹ، 120 مکعب میٹر کنکریٹ اور 80 ٹن ریت و بجری تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔کارخانے میں جدید ٹیکنالوجی نصب کی گئی ہے، جہاں اسفالٹ، کنکریٹ، ریت اور بجری بنیادی طور پر بنیادی ڈھانچے اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے تیار کی جائے گی۔اس منصوبے کے آغاز سے 50 مستقل ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں، جبکہ تیار کردہ تعمیراتی مواد صوبہ سغد کے مختلف شہروں اور اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کے کاموں میں استعمال کیا جائے گا۔تاجکستان نے 2018 سے تیز رفتار صنعتی ترقی کو اپنی چوتھی قومی ترقیاتی ترجیح قرار دے رکھا ہے۔ اسی مقصد کے تحت 2022 سے 2026 تک کا عرصہ صنعتی ترقی کے سال قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت درآمدی اشیا پر انحصار کم کرنے، روزگار کے مواقع بڑھانے اور زیادہ قدر والی صنعتی پیداوار پر توجہ دی جا رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس پالیسی کے نتیجے میں صنعتی پیداوار میں سالانہ 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ملک کی مجموعی صنعتی پیداوار تقریباً دوگنی ہو چکی ہے، جبکہ 2 ہزار 40 سے زائد صنعتی ادارے قائم کیے گئے اور 74 ہزار سے زیادہ نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔ صرف 2024 میں ہی 740 نئے صنعتی اداروں نے کام شروع کیا، جن سے تقریباً 20 ہزار افراد کو روزگار ملا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.