شاداب خان کو پاکستان ٹیم میں شمولیت پر مبارکباد پیش کر تا ہوں:سڈنی تھنڈر

3 ماہ قبل
شاداب خان کو پاکستان ٹیم میں شمولیت پر مبارکباد پیش کر تا ہوں:سڈنی تھنڈر

کینبرا ( سپورٹس ڈیسک) بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی تھنڈر نے آل راونڈر شاداب خان کو سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان ٹیم میں منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ شاداب خان اس وقت سڈنی تھنڈر کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اپنی شاندار کارکردگی سے ٹیم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ترجمان سڈنی تھنڈر کے مطابق شاداب خان 4 جنوری کو ہوبارٹ ہیوریکینز کے خلاف میچ کھیلنے کے بعد سری لنکا روانہ ہوں گے۔ تاہم وہ 16 جنوری کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں سڈنی سمیش کے لیے دوبارہ دستیاب ہوں گے اور اگر ٹیم فائنل تک پہنچتی ہے تو شاداب خان اس میں بھی حصہ لیں گے۔شاداب خان نے اب تک 33.33 کی اوسط سے 100 رنز بنائے اور 6 وکٹیں لے کر تھنڈر کے ٹاپ باؤلر کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر شاداب خان نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے اور وہ دوبارہ تھنڈر کی جانب واپسی کے لیے پرجوش ہیں تاکہ ٹیم کو فائنل کی دوڑ میں مدد دے سکیں۔جی ایم سڈنی تھنڈر ٹرینٹ کوپ لینڈ نے کہا کہ ملک کی نمائندگی ہمیشہ فخر کی بات رہی ہے اور شاداب خان کو دوبارہ موقع ملنے پر ہم پرجوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان کے متبادل اوورسیز پلیئر کے لیے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے اور ٹیم اہم سیزن کے لیے تیار ہے۔