سڈنی حملہ، باپ بیٹا اکیلے ملوث قرار

3 ماہ قبل
سڈنی حملہ، باپ بیٹا اکیلے ملوث قرار

آسٹریلیا ( مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلیا کی وفاقی پولیس نے منگل کے روز بتایا ہے کہ دسمبر کے اوائل میں سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے مہلک حملے میں ملوث دونوں افراد نے یہ کارروائی کسی تنظیمی مدد کے بغیر اکیلے انجام دی۔پولیس کے مطابق یہ حملہ یہودی برادری کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا، جو یہودی تہوار حانوکا کے پہلے روز پیش آیا، جس میں 15 افراد جان سے گئے۔تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزمان باپ اور بیٹا تھے۔ 50 سالہ ملزم پولیس کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ 24 سالہ بیٹے کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے بعد ازاں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق نوجوان ملزم پر قتل کے 15 الزامات سمیت مجموعی طور پر 59 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔وفاقی پولیس کمشنر کریسی بیریٹ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تفتیش کے دوران ایسے شواہد نہیں ملے جن سے ظاہر ہو کہ ملزمان کسی بڑے دہشت گرد نیٹ ورک سے وابستہ تھے یا انہیں بیرونی معاونت حاصل تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کئی ماہ سے اس حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور شبہ ہے کہ وہ شدت پسند نظریات سے متاثر تھے، تاہم تحقیقات کا دائرہ ابھی مکمل طور پر بند نہیں کیا گیا۔