اسلام آباد( ترکیہ خبر) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا ہے کہ قومی معیشت پر اثر ڈالنے والے ٹیکس مقدمات کے فوری فیصلے آئندہ عدالتی ترجیح ہوں گے۔چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس میں اہم ٹیکس مقدمات کے جلد فیصلوں کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، جس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر، ممبر لیگل ایف بی آر اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ طویل المدتی ٹیکس مقدمات مالی گنجائش کو محدود کرتے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس مقدمات میں تاخیر سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کے لیے نقصان دہ ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ مالیت کے طویل عرصے سے زیر التوا ٹیکس کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ عدلیہ اور ٹیکس حکام کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے، مقدمات میں یکسانیت اور تیز رفتار فیصلوں کے لیے ادارہ جاتی اصلاحات پر بھی غور کیا گیا۔
ٹیکس مقدمات کے فوری فیصلے آئندہ ترجیح ہوں گے:چیف جسٹس یحیی آفریدی
3 ماہ قبل