اسرائیلی فیصلے پر صومالیہ میں شدید ردعمل، ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

3 ماہ قبل
اسرائیلی فیصلے پر صومالیہ میں شدید ردعمل، ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

موغادیشو(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد صومالیہ بھر میں شدید احتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت موغادیشو سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی فیصلے کی سخت مذمت کی۔موغادیشو کے ایک بڑے اسٹیڈیم میں دسیوں ہزار شہریوں نے صومالی اور فلسطینی پرچم تھام کر مظاہرہ کیا اور صومالیہ کی خودمختاری کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ اقدام صومالیہ کی سالمیت پر براہِ راست حملہ ہے اور خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضاہر امام محمود نے کہا کہ صومالی قوم متحد ہے اور کسی بھی بیرونی دبا یا فیصلے کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے صومالی لینڈ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے فیصلوں کے جھانسے میں نہ آئیں جو صومالی قوم میں تقسیم پیدا کریں۔اسی نوعیت کے مظاہرے لاسعانود، گورئیل اور بائیدوا سمیت دیگر شہروں میں بھی دیکھنے میں آئے، جہاں شہریوں نے اسرائیلی اعلان کو مسترد کرتے ہوئے فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب صدر حسن شیخ محمود نے اسرائیلی فیصلے کو صومالیہ کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ قدم خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ صدر نے کہا کہ صومالیہ اپنی علاقائی سالمیت پر کسی بھی سمجھوتے کو قبول نہیں کرے گا۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے گزشتہ جمعہ کو صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد افریقی خطے میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔