مصنوعی ذہانت میں کامیابی کا دارومدار مضبوط ڈیجیٹل ڈھانچے پر ہے: علی طحہ کوچ
انقرہ( ویب ڈیسک) ترکیہ کی معروف ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کمپنی ترک سیل کے چیف ایگزیکٹو علی طحہ کوچ نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کی دوڑ اب صرف نئے ماڈلز کی تیاری تک محدود نہیں رہی بلکہ اب اصل مقابلہ مضبوط ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر ہو رہا ہے۔انہوں نے بین الاقوامی ٹیلی کمیونی کیشن یونین (آئی ٹی یو) کے زیر اہتمام منعقدہ اے آئی فار گڈ گلوبل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کمپنی کی سرمایہ کاری اور مستقبل کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔علی طحہ کوچ کے مطابق ترک سیل مصنوعی ذہانت کے ماحولیاتی نظام کے پانچ اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور خودمختار ڈیجیٹل صلاحیتوں کو مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے میدان میں کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ممالک اور کمپنیاں کتنا مضبوط، محفوظ اور خودمختار ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ قائم کر پاتی ہیں۔