اسلام آباد(کامرس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے شوگر ملوں کی مانیٹرنگ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے چھ اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق یہ اہلکار شوگر کی پیداوار کی مثر، شفاف اور بلا تعطل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے تعینات کیے گئے تھے، لیکن ایل ٹی او لاہور کی معمول کی مانیٹرنگ کے دوران ان کی غیر حاضری کا انکشاف ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ غفلت و لاپروائی کی سنگینی کے پیش نظر متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کرنے کی سفارش کی گئی تھی اور فوری طور پر انہیں معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ایف بی آر حکام نے کہا کہ ادارہ اپنی تمام فیلڈ فارمیشنز میں نظم و ضبط، دیانتداری اور پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ فرائض میں غفلت، بدانتظامی یا تفویض کردہ ذمہ داریوں کی عدم تعمیل پر قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔