اسلام آباد( ترکیہ خبر) مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، دو طرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور ولی عہد کی قیادت میں دکھائے گئے صبر و تحمل کو سراہا، جبکہ پاکستان کی جانب سے جاری امن کوششوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تعمیری کردار کی تعریف کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے ان کی کاوشوں کو قابل قدر قرار دیا۔وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے سعودی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو آئندہ نسلوں تک مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے بعد قطر اور ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے جہاں اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔
شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے اہم ملاقات، تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
واپس خبروں پر
Category:
پاکستان