اسلام آباد( شوبز ڈیسک) عالمی شہرت حاصل کرنے والی ابھرتی ہوئی گلوکارہ شائے گل اسلام آباد میں ایک لائیو کنسرٹ کے دوران حادثے کا شکار ہو گئیں، واقعہ پارک ویو سٹی میں جاری ان کی پرفارمنس کے دوران پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق کنسرٹ کی ریکارڈنگ کے لیے استعمال ہونے والا ایک ڈرون اچانک بے قابو ہو کر تیز رفتاری سے شائے گل کے قریب آ گیا اور ان کے ہاتھ سے ٹکرا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ڈرون آپریٹر کنٹرول برقرار نہ رکھ سکا جس کے باعث یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔حادثے کے بعد کنسرٹ میں چند لمحوں کے لیے تشویش کی فضا پیدا ہو گئی، تاہم شائے گل نے بعد ازاں سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ خیریت سے ہیں اور انہیں کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔شائے گل نے اپنے پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور دعا کرنے والوں کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے واقعے کے بعد ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی جس میں ان کے ہاتھ پر معمولی زخم کے آثار دکھائی دیے۔کنسرٹ کے منتظمین کے مطابق یہ حادثہ ایک ناتجربہ کار ڈرون آپریٹر کی غلطی کے باعث پیش آیا۔ دوسری جانب مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بڑے عوامی پروگراموں میں حفاظتی انتظامات اور پیشہ ور ڈرون آپریٹرز کی ضرورت پر زور دیا ہے۔