شارجہ کے تاریخی سوق الجبیل کی تاریخ کتابی شکل میں محفوظ کرنے کا فیصلہ

شارجہ کے تاریخی سوق الجبیل کی تاریخ کتابی شکل میں محفوظ کرنے کا فیصلہ

شارجہ ( مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں تاریخی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے معروف سوق الجبیل کی تاریخ، اہمیت اور ترقی کے مختلف مراحل کو دستاویزی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں شارجہ کے نائب حکمران شیخ سلطان بن احمد القاسمی اور کلمات گروپ کی بانی و چیف ایگزیکٹو شیخہ بدور بنت سلطان القاسمی کی موجودگی میں خصوصی کتاب کی تیاری کا اعلان کیا گیا۔شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے 45ویں ایڈیشن کے موقع پر کلمات گروپ کے اشاعتی ادارے سراب اور شارجہ ایسٹ مینجمنٹ کے درمیان اشتراک کا معاہدہ طے پایا، جس کے تحت عربی اور انگریزی زبانوں میں تصاویر سے مزین کتاب شائع کی جائے گی۔مجوزہ کتاب میں سوق الجبیل کی تاریخی اہمیت، ایک قدیم بازار سے جدید تجارتی مرکز میں اس کی تبدیلی اور شارجہ کی معاشرتی و اقتصادی ترقی میں اس کے کردار کو نمایاں کیا جائے گا۔دونوں شخصیات نے ایکسپو سینٹر شارجہ میں سراب کے پویلین کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں کتاب کی تیاری اور منصوبے کے مختلف مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کتاب کی رونمائی نومبر 2027ء میں شارجہ بین الاقوامی کتاب میلے کے آئندہ ایڈیشن کے دوران متوقع ہے۔کلمات گروپ کے جنرل منیجر احمد العلی کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد شارجہ کے ایک اہم تجارتی اور ثقافتی مرکز کی تاریخ کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوق الجبیل مقامی ثقافتی ورثے اور جدید سہولتوں کا حسین امتزاج ہے، جو شہریوں کی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے ساتھ شارجہ کی ترقی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔کتاب میں سوق الجبیل کے قیام، تعمیر، انتظامی مشکلات اور ترقی کے مختلف ادوار کے علاوہ غذائی تحفظ، ماہی گیروں، تاجروں اور مقامی کاروباری سرگرمیوں میں اس کے کردار کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ مارکیٹ میں خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، مناسب قیمتوں اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی شامل کیا جائے گا۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.