غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، سرجن سمیت 5 فلسطینی شہید، 20 زخمی
خان یونس ( مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں ناصر ہسپتال کی عمارت کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک سرجن سمیت کم از کم 5 فلسطینی شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔امریکا کی ثالثی میں حماس کے ساتھ اکتوبر 2025 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ معاہدے کے اگلے مراحل سے متعلق مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہیں۔حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے انخلا سمیت کئی اہم معاملات تاحال حل طلب ہیں۔ اسرائیل اس وقت غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھے ہوئے ہے۔غزہ کی سول ڈیفنس سروس کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے آج صبح ناصر ہسپتال کے شعبہ جراحی کو نشانہ بنایا، جس سے عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ طبی عملے نے حملے میں شہید ہونے والے سرجن کی شناخت رزق ابو شعیرہ کے نام سے کی ہے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1600 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں امریکا کی ثالثی سے جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے بعد غزہ میں بڑے پیمانے پر لڑائی رک گئی تھی، تاہم فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی حملے مکمل طور پر بند نہیں ہوئے۔اسرائیل کا مؤقف ہے کہ حماس دوبارہ اپنی عسکری قوت بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ حماس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال قبل طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی پابند ہے اور اسرائیل مسلسل اس کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔فلسطینی حکام کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد غزہ میں شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔