اسرائیل میں سیاسی بحران شدت اختیار کرگیا، نیتن یاہو اکثریت سے محروم
تل ابیب (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل میں سیاسی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے، وزیراعظم نیتن یاہو پارلیمانی اکثریت کھو چکے ہیں، جبکہ ان کے سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ کے لیے بھی نئی حکومت تشکیل دینا آسان دکھائی نہیں دیتا۔اسرائیلی پارلیمنٹ کی مجموعی 120 نشستوں میں سے گادی آئزن کوٹ کو 67 ارکان کی حمایت حاصل ہے، تاہم یہ حمایت 6 مختلف نظریاتی جماعتوں پر مشتمل ہے، جن میں عرب سیاسی جماعتیں بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب نیتن یاہو کے حامی ارکان کی تعداد کم ہوکر صرف 46 رہ گئی ہے۔نیتن یاہو کی سابق اتحادی جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نے بھی ان کی حمایت سے گریز کیا ہے۔ ادھر گادی آئزن کوٹ نے 4 یہودی اپوزیشن جماعتوں کے اشتراک سے اقلیتی حکومت قائم کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے، جسے عرب جماعتیں پارلیمنٹ میں باہر سے حمایت فراہم کرسکتی ہیں۔تاہم سابق وزیر دفاع ایوگڈور لائبرمین نے عرب جماعتوں کی حمایت پر انحصار کرنے والی حکومت کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ ان کی جانب سے متبادل منصوبے میں انتہائی مذہبی یہودی جماعتوں کے ساتھ مل کر 61 نشستوں پر مشتمل اکثریتی حکومت تشکیل دینے کی تجویز شامل ہے۔دوسری جانب وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنی قیادت میں قومی اتحادی حکومت قائم کرنے کی پیشکش کی ہے، تاہم گادی آئزن کوٹ نے ان کی اس پیشکش کو مسترد کردیا ہے۔