ترکیہ کی اسرائیلی وزارت خارجہ کی صدر اردوان پر تنقید کی شدید مذمت
استنبول ( ترکیہ خبر) ترکیہ نے اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کے خلاف دیے گئے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حقائق چھپانے کی ناکام کوشش اور انتہائی گھٹیا و گستاخانہ بہتان قرار دیا ہے۔ترک وزارت خارجہ نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے صدر رجب طیب اردوان کو نشانہ بنا کر لگائے گئے بے بنیاد الزامات اسرائیلی حکام کی حقیقت چھپانے کی ناکام کوششوں کی ایک اور مثال ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ صدر اردوان نے ترکیہ کی میزبانی میں اقوام متحدہ کی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31 کے سربراہی اجلاس سے افتتاحی خطاب کے دوران ایک مرتبہ پھر اسرائیل کی منظم جابرانہ پالیسیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ ان کے خیالات اور مؤقف نے انسانیت کے مشترکہ ضمیر کی ترجمانی کی۔