2028 کے یورپی سیاسی سربراہی اجلاس کی میزبانی باکو کرے گا
باکو ( تر کیہ خبر) یورپی سیاسی برادری کا ڈبلن سربراہی اجلاس آذربائیجان اور یورپی ممالک کے درمیان سیاسی روابط، توانائی و ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون اور علاقائی امن کے اقدامات پر تبادلہ خیال کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے آئندہ سربراہی اجلاس کی 2028 میں باکو میں میزبانی آذربائیجان کے لیے کثیرالجہتی سفارت کاری میں بڑھتے ہوئے کردار اور مختلف جغرافیائی و سیاسی خطوں کے درمیان فعال مکالمے کے فروغ کی عکاسی کرتی ہے۔آذربائیجان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی آذرتاج کے مطابق ڈبلن اجلاس کے ایجنڈے، یورپ کے ساتھ آذربائیجان کی شراکت داری اور 2028 میں باکو میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی اہمیت کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔یورپی سیاسی برادری کا 9واں سربراہی اجلاس 12 نومبر کو آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں منعقد ہوگا، جس میں یورپی ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومت مشترکہ سیاسی اور تزویراتی امور پر تبادلہ خیال کے لیے جمع ہوں گے۔یورپ، مضبوط، محفوظ اور باہم مربوط کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے میں مسابقتی معیشت کی تشکیل، جدت و اختراع کا فروغ، ٹرانسپورٹ کے روابط کی ترقی، توانائی کی قابل رسائی فراہمی اور جمہوری یورپ کے تحفظ و دفاع جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔اجلاس میں تقریباً 50 ممالک کے سربراہان مملکت اور حکومت کی شرکت متوقع ہے۔ یہ سربراہی کانفرنس یورپی ممالک کو درپیش چیلنجز پر وسیع علاقائی سطح پر غور و خوض اور مشترکہ مفادات کے تحت سیاسی مکالمے کو آگے بڑھانے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔