عالمی تعلیمی کارکردگی میں کمی، ترکیہ نے سائنس، ریاضی اور مطالعے میں بہتری دکھا دی

عالمی تعلیمی کارکردگی میں کمی، ترکیہ نے سائنس، ریاضی اور مطالعے میں بہتری دکھا دی

استنبول ( تر کیہ خبر) دنیا کے بیشتر ممالک میں تعلیمی معیار کی کارکردگی تنزلی کا شکار ہے، تاہم ترکیہ نے اس کے برعکس نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔ اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کے عالمی تعلیمی جائزے کے مطابق ترکیہ ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے 2022 سے 2025 کے دوران سائنس، مطالعے اور ریاضی کے شعبوں میں اپنی تعلیمی کارکردگی بہتر بنائی ہے۔او ای سی ڈی کے شعبہ تعلیم و مہارت کے ڈائریکٹر آندریاس شلائشر کے مطابق عالمی جائزے کے تحت 91 ممالک اور معیشتوں کے 760,000 سے زائد طلبہ کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے ظاہر ہوا کہ اس عرصے میں او ای سی ڈی کے رکن ممالک کی تینوں مضامین میں اوسط کارکردگی ریکارڈ حد تک کم ہوگئی، جبکہ ترکیہ نے نمایاں پیش رفت کی۔ترکیہ اب سائنس اور مطالعے کے شعبوں میں او ای سی ڈی کی اوسط کارکردگی سے آگے جبکہ ریاضی میں اس کے قریب پہنچ چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق 2015 سے اب تک ترکیہ میں کمزور تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی شرح سائنس میں 25 فیصد پوائنٹس جبکہ مطالعے اور ریاضی دونوں میں 16، 16 فیصد پوائنٹس کم ہوئی ہے۔تعلیمی نظام میں طلبہ کی وسیع تر شمولیت کے ساتھ ترکیہ نے ایسے متعدد طلبہ کو بنیادی تعلیمی صلاحیتوں میں مشکلات سے نکال کر عملی علم و مہارت حاصل کرنے کے قابل بنایا ہے۔سائنس کے شعبے میں ترکیہ کے 81 فیصد طلبہ کم از کم بنیادی تعلیمی مہارت حاصل کرنے میں کامیاب رہے، جبکہ او ای سی ڈی کے رکن ممالک میں یہ شرح 74 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعداد و شمار ترکیہ کے تعلیمی نظام میں بہتری اور طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاسی کرتے ہیں۔


© 2026 ترکیہ خبر. تمام حقوق محفوظ ہیں. ٹوگیدر میڈیا کی پیشکش.