کوپ 31 کی میزبانی سے ترکیہ عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا، ترجمان
انطالیہ، استنبول ( تر کیہ خبر) ترکیہ کے شعبہ اطلاعات کے سربراہ برہان الدین دوران نے کہا ہے کہ عالمی رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سالانہ ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31 کے انعقاد کے لیے کی جانے والی بھاری سرمایہ کاری، وسیع انتظامات اور بھرپور کوششوں کو سراہا ہے۔ یہ کانفرنس ترکیہ کے جنوبی شہر انطالیہ میں منعقد کی جا رہی ہے۔برہان الدین دوران نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوپ 31 کے انعقاد کے ذریعے ترکیہ نے دنیا اور اپنے خطے کو ثابت کردیا ہے کہ وہ عالمی سفارت کاری کا ایک اہم مرکز ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ ترکیہ اس سے قبل نیٹو اور ترک ریاستوں کی تنظیم کے سربراہی اجلاسوں کی بھی میزبانی کرچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوپ 31 کی میزبانی کے ذریعے ملک نے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سفارت کاری میں اپنی مرکزی حیثیت کا بھرپور اظہار کیا ہے۔