روس کا شہباز شریف کے دورۂ ماسکو پر تفصیلات جلد دینے کا اعلان
ماسکو ( مانیٹرنگ ڈیسک) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے غزہ میں اسرائیلی حملوں اور شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال سے متعلق وزارت خارجہ کا تفصیلی جائزہ بھی جلد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ماسکو میں روسی وزارت خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے دسمبر کے آغاز میں متوقع دورۂ ماسکو اور روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ممکنہ ملاقات کے حوالے سے سوالات کیے۔انہوں نے روسی ترجمان سے دریافت کیا کہ ماسکو کو وزیراعظم شہباز شریف کے متوقع دورے سے کیا توقعات وابستہ ہیں اور تجارت، توانائی، سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں کون سے اہم معاہدوں کی تیاری کی جارہی ہے؟جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے شیڈول اور ایجنڈے سے متعلق تفصیلات روسی صدارتی انتظامیہ کی جانب سے جلد فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے پاکستان اور روس کے دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال سے متعلق روسی وزارت خارجہ کا جائزہ بھی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ یہ معلومات خوشی سے فراہم کریں گی اور متعلقہ دستاویزات جلد بھجوا دی جائیں گی۔اسی پریس بریفنگ کے دوران دنیا نیوز کے نمائندے شاہد گھمن نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں کے تسلسل اور شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق بھی سوال اٹھایا، جس پر روسی ترجمان نے تشویش کا اظہار کیا۔