سال 2025 میں شوبز کی دنیا سے کئی ستارے رخصت

3 ماہ قبل
سال 2025 میں شوبز کی دنیا سے کئی ستارے رخصت

کراچی( شوبز ڈیسک)سال 2025 پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے یادگار اور تلخ دونوں رہا۔ اس دوران کئی معروف اداکار اور فنکار ہمیشہ کے لیے مداحوں سے بچھڑ گئے، جبکہ کچھ شخصیات نے کامیابیوں کا سفر جاری رکھا۔رواں سال شوبز حلقوں میں سب سے زیادہ دھچکا دینے والے واقعات میں سینئر اداکارہ عائشہ خان اور اداکارہ حمیرا اصغر کی المناک موت شامل ہے۔ عائشہ خان کی 20 جون کو کراچی کے گلشن اقبال میں واقع فلیٹ سے کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی، جبکہ 8 جولائی کو ڈیفنس کے فلیٹ سے حمیرا اصغر کی تقریبا 9 ماہ پرانی لاش ملی۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد موت کو طبعی قرار دیا۔سال کے آغاز میں کامیڈین جاوید کوڈو اپریل 2025 میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ فلم اور ٹی وی کے نامور فنکار لکی ڈیئر، انور علی اور سابق اداکارہ حمیرا عابد بھی اسی سال ہم سے رخصت ہوئے۔اس کے علاوہ پاکستان فلم انڈسٹری کے معتبر پروڈیوسر چوہدری کامران اعجاز 4 نومبر 2025 کو برین ہیمرج کے باعث انتقال کر گئے، جبکہ سینئر فلم رائٹر محمد کمال پاشا بھی 3 اکتوبر کو طویل علالت کے بعد اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ محمد کمال پاشا نے 300 سے زائد فلموں کے لیے سکرپٹ لکھے اور معاشرتی مسائل، محبت، اخلاقی زوال اور موت جیسے موضوعات پر کہانیاں تخلیق کیں۔سال 2025 میں یہ تمام شخصیات شوبز انڈسٹری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ثابت ہوئیں۔ ان کا فن، محنت اور خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔