سعودی ولی عہد کا چینی صدر کو پیغام، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ کو خصوصی پیغام ارسال کیا ہے، جس میں باہمی روابط کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران ولی عہد کا پیغام پہنچایا۔اس موقع پر وانگ یی نے کہا کہ خلیجی خطہ ایک مرتبہ پھر جنگ اور امن کے درمیان نازک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریق مذاکرات کے ذریعے کشیدگی اور مخالفت کا خاتمہ کریں گے۔چینی وزیر خارجہ نے خطے میں توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور سمندری تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سعودی عرب کے ساتھ مل کر دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے تیار ہے۔