یمن( مانیٹرنگ ڈیسک)یمنی حکومت اور جنوبی عبوری کونسل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں یمنی صدارتی مشیر ثابت الاحمدی نے یمن کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مملکت سعودی عرب یمن کے سب سے اہم اور اولین حامیوں میں شامل ہے اور مشکل حالات میں اس کی حمایت قابلِ قدر رہی ہے۔العربیہ اور الحدث کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ثابت الاحمدی کا کہنا تھا کہ یمن اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سیاسی اور ثقافتی سطح پر کئی مشترکہ پہلو موجود ہیں، تاہم اختلافات صرف جنوبی مسئلے تک محدود ہیں۔ ان کے مطابق یمنی حکومت کشیدگی کم کرنے اور خونریزی روکنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ عدن ایئرپورٹ پر فضائی سفر کی بحالی جلد متوقع ہے۔ دوسری جانب یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے خبردار کیا کہ جنوبی عبوری کونسل کی افواج کی مسلسل مداخلت ایسے اقدامات کو جنم دے سکتی ہے جنہیں حکومت پسند نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وادی حضرموت کی جانب کسی بھی ممکنہ پیش قدمی پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ادھر حضرموت کے گورنر سالم الخنبشی نے الزام عائد کیا کہ جنوبی عبوری کونسل کشیدگی میں کمی اور امن کی کوششوں پر توجہ دینے کے بجائے اپنی افواج کو مسلسل متحرک رکھے ہوئے ہے۔ اسی دوران یمنی صدارتی قیادت کونسل کے چیئرمین رشاد العلیمی نے واضح کیا کہ یمن، متحدہ عرب امارات کے ابتدائی کردار اور تعاون کا انکار نہیں کرتا اور ماضی کی حمایت کو تسلیم کرتا ہے۔
یمن کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار قابل تحسین ہے: ثابت الاحمدی
3 ماہ قبل