سعودی عرب میں میزائل اور ڈرون روکنے کی ویڈیوز بنانے پر پابندی
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ میزائل یا ڈرون روکنے کے مناظر کی ویڈیوز اور تصاویر بنانا یا انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق کسی بھی فوجی یا دفاعی کارروائی کی عکس بندی، تصاویر بنانے یا ایسے مناظر کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر نشر کرنے کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھا جائے گا۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملات میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔حکام کے مطابق یہ پابندی سعودی شہریوں کے علاوہ ملک میں مقیم غیر ملکیوں پر بھی یکساں طور پر لاگو ہوگی اور دفاعی نظام، میزائلوں یا ڈرونز سے متعلق حساس مناظر پھیلانے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔