اپوزیشن رہنما کی جیل میں قید استنبول میئر سے اہم ملاقات
استنبول( تر کیہ خبر) اپوزیشن رہنما اوزگور اوزل نےمارمارا جیل میں قید استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو سے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں کی تقریباً 3 ماہ بعد دوبارہ ملاقات ہوئی۔ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب اکرم امام اوغلو اور ان کی اہلیہ دلیک کایا امام اوغلو نے استنبول کے علاقے بیلیک دوزو کی نمائندگی کرتے ہوئے حزب اختلاف کی نئی جماعت کی پہلی باقاعدہ کانگریس میں مندوب منتخب ہونے کے بعد کچھ ہی وقت گزرا تھا۔قانونی مشکلات کے باوجود اکرم امام اوغلو حزب اختلاف کی صدارتی دوڑ میں اب بھی مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، تاہم جاری مقدمات ان کی صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کی اہلیت کو متاثر کرسکتے ہیں۔اکرم امام اوغلو کو مارچ 2025 میں حراست میں لیا گیا تھا، اسی روز انہیں اس وقت کی مرکزی اپوزیشن جماعت ریپبلکن پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔بعدازاں انہوں نے ریپبلکن پیپلز پارٹی چھوڑ کر اوزگور اوزل کی نئی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی۔ امام اوغلو کو یونیورسٹی کی ڈگری سے متعلق مقدمے سمیت متعدد قانونی کارروائیوں کا سامنا ہے، جبکہ بعض مقدمات کے نتیجے میں ان پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پابندی بھی عائد ہوسکتی ہے۔